کراچی سے کالعدم تحریک طالبان کے مقامی کمانڈر سمیت 22 دہشت گرد گرفتار
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے مقامی کمانڈر سمیت 22 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلر اور کالعدم تنظیم کے 22 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق 15 افراد کو کراچی کے علاقوں بلديہ ٹاؤن، محمود آباد، سائٹ ايريا، بوہرہ پير اور گلشن بونير سے گرفتار کیا گیا، جبکہ سلطان آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران كالعدم تحريک طالبان كے مقامی كمانڈر بونير خان اور اس كے 7 ساتھي دہشتگردوں كو حراست ميں لیا گیا۔ ترجمان رينجرز كا کہنا تھا کہ حراست ميں لئے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ اور رياست كے خلاف لكھا گیا، شرانگيز تحریری مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ تمام دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔