محرم الحرام، لشکر جھنگوی کا ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سکیورٹی فورسز نے گیلانی ٹاؤن میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور دیگر آلات برآمد کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر گیلانی ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مار کے تلاشی لی، تو وہاں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، خودکش و پلانٹڈ بموں کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کر لیا۔ مذکورہ مکان سے پچاس کلو گرام بارودی مواد، دو آئی ای ڈیز، تین لانگ رینج واکی ٹاکی، دس کلو بال بیرنگ، 56 الیکڑانک ڈیٹونیٹر، ایک راکٹ بوسٹر، دو ٹائمر ڈیوائسز، دس سم جیکٹس، سولہ پاور بیٹریز، دو ریموٹ کنٹرول، تیرہ میٹر ڈیٹونیٹنگ کارڈ، چودہ میٹر سیفٹی فیوز وائر، ایک اے وی او میٹر، مختلف اقسام کے سیلز، سمت کا تعین کرنے والے آلات، ہاتھ سے بنائے گئے نقشہ جات، آئی کام سیٹ بمعہ انٹینا، پانچ پریشر ککرز، پسٹل، ویٹ مشین برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کی جانب سے ڈی آئی خان میں اعلٰی پیمانے پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جسے بروقت ناکام بنادیا گیا ہے۔ پولیس کاروائی میں اہم بات کہ دہشت گردی کے اتنے سامان کے برآمد ہونے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، جس سے سکیورٹی حوالے سے خدشات میں انتہائی اضافہ ہو گیا ہے۔