Uncategorized

نواز لیگ کا ریاستی جبر ہمیں غم حسینؑ سے نہیں روک سکتا، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے حکومت سندھ کی طرف سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس عزا کیلئے لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہٹانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عزاداری کی راہ میں رکاوٹوں کو ختم کیا جائے، بیوروکریسی کے ہتھکنڈے مسلم لیگ ن کیلئے نیک نامی کا باعث نہیں بنیں گے، ملت جعفریہ کو دیوار سے لگایا گیا تو نتائج افسوسناک ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں عزاداری کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا یعقوب رضا حیدری، حاجی محمد اظہر، علی قاسمی، علی عمران علوی اور دیگر نے شرکت کی۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ محکمہ داخلہ نے صوبے میں علما، ذاکرین اور خطبا کے بین الاضلاعی اور ڈیژنل پابندی اٹھانے کی یقین دہانی کروائی ہے، ہم مطمئن نہیں، بین الصوبائی پابندی کا بھی کوئی جواز نہیں، ہم اس پر بھی احتجاج کرتے ہیں، سیاستدان دوسرے صوبوں میں جا کر خطابات کر سکتے ہیں، تو علما پر پابندی کیوں؟ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کے بائیو میٹرک سسٹم سے مجالس اور جلوسوں میں داخلے اور وہاڑی میں بانیان مجالس سے بانڈز پر کروانے کے احکامات کو واپس لینے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ پر امن شہریوں کو فورتھ شیڈول کے ذریعے تنگ کرنے کے احکامات واپس لینے کیلئے فہرست شیعہ علما کونسل کی طرف سے ہوم سیکرٹری کو دے دی گئی ہے، جس پر انہوں نے کیس ٹو کیس جائزہ لے کر احکامات واپس لینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداری پر ریاستی جبر کی وجہ سے ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے، پنجاب میں عزاداری کے راستوں میں مختلف حیلے بہانوں سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی سازشوں کو مسترد کرتے ہیں، کوئی ریاستی جبر ہمیں غم حسینؑ سے نہیں روک سکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button