پاکستانی شیعہ خبریں

عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن قابل قبول نہیں، علامہ سید ہاشم موسوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر محرم الحرام میں حکومت کی متعصبانہ کارروائیوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہداء ہمارا آئینی جمہوری اور قانونی حق ہے، جس سے ہم کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت کی جانب سے عزارداری کو محدود کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم کسی صورت اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن لگائیں۔ حکومت پنجاب اور حکومت سندھ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بجائے عزاداری اور پُرامن جلوس کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کسی صورت قبول نہیں۔ آج اسی سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں عزاداری سید الشہداء کو محدود کرنے کی حکومتی سازش کے خلاف ملک گیر مظاہرہ کیا گیا۔

علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ وطن عزیز میں سالوں سے جو کام دہشتگرد نہیں کرسکے وہ کام وفاقی حکومت، سندھ اور پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں عزاداری کے خلاف کر رہی ہے۔ حکمرانوں کی بےحسی اور ظلم عروج پر ہے۔ دہشت گرد گروہوں کو خوش کرنے کے لیے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس پر پابندیاں عائد کی جاری ہے، جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ پنجاب، سندھ اور وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ عزادارن سید الشہداء کو آزادی کے ساتھ مجالس اور جلوس عزاء کرنے کی مکمل آزادی دیں۔ بصورت دیگر ملک گیر پیمانے پہ احتجاجی مظاہروں کو مزید وسعت دیں گے۔ جس کی وجہ سے حکومت کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ یہ احتجاجی ریلی تمام عزاداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ عزاداری سیدالشہداء ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت میں کی جاتی ہے۔ جو تمام مظلوم انسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کو ظاہر کرتی ہے اور رہتی دنیا تک یہ عزاداری قائم و دائم رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button