Uncategorized

نصیر آباد اور جیکب آباد میں بم دھماکوں کی ذمہ دار صوبائی حکومتیں ہیں، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ کربلا اسلامی یونیورسٹی کی حیثیت رکھتی ہے جس کا ہر کردار دین الٰہی کا پرتو، نمونہ اور درسگاہ بن کر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ لاہور میں مجلس عزا سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ دنیا میں یزیدی قوتیں ذکر حسینؑ کو محدود کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہیں، لیکن ہر سال عزاداروں کی تعداد میں اضافہ شہدا کے خون کی تاثیر اور معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا معلی میں امام مظلوم ؑکے روضہ مبارک پر حاضری دینے والوں کی تعداد سے ہی دنیا اندازہ کر سکتی ہے کہ جیت حسینیت کی ہوئی یا یزیدیت کی۔ یزید کی قبر پر کوئی چراغ جلانے والا ہے نہ کوئی اس کا نام لیوا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا تحفظ دین کی تحریک ہے، جس کے بانی سیدالشہدا ہیں جبکہ عزاداری نے کربلا کے پیغام کو زندہ رکھا ہے، اس کیخلاف سازشیں ہوتی رہیں، مگر تشیع نے ظلم اور جبر کے مقابلے میں قربانیاں دے ذکر حسین ؑ کو زندہ رکھا اور آج عزاداری اسلام کے تحفظ کی علامت بن چکی ہے، جو ظلم کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔

دریں اثنا انہوں نے عزاداری مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شیعہ علما کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور جعفریہ یوتھ کے عہدیداروں کو محرم الحرام کے باقی 2 عشروں اور صفرالمظفر کے دوران چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوسوں میں رضاکارانہ ڈیوٹیاں سرانجام دینے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نصیر آباد اور جیکب آباد میں بم دھماکوں کی ذمہ دار صوبائی حکومتیں ہیں، ان سانحات کی تحقیقات ہونی چاہیں، پنجاب میں مجموعی طور پر جلوس پرامن رہے ہیں، جس کیلئے ریاستی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہیں لیکن بعض مقامات پر مجالس عزا کو روکنے، عزاداروں اور بانیان کیخلاف مقدمات درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہیں واپس لیا جائے۔ پنجاب کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button