کراچی آپریشن آخری دہشتگرد اور آخری ٹارگٹ کلر کی گرفتاری تک جاری رہیگا، سندھ رینجرز
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ)سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن آخری دہشت گرد اور آخری ٹارگٹ کلر کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ رینجرز کا آپریشن سست ہوگیا ہے، آپریشن کے شہداء اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہر قائد میں آپریشن آخری دہشت اور آخری ٹارگٹ کلر کی گرفتاری تک بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک شخص کی سرگرمی کے بارے میں رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر اطلاع دیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے ستمبر 2013ء میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے رینجرز کی نگرانی میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھر پور آپریشن شروع کیا تھا، گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 10 ستمبر 2015ء تک کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 48 فیصد، قتل کی وارداتوں میں 37 فیصد، دہشتگردی میں 76 فیصد کمی ہوئی، اس دوران ایک ہزار 713 قاتلوں کو گرفتار، جبکہ ان کے قبضے سے 15 ہزار 612 ہتھیار برآمد کئے گئے