حسینت ظلم کے خلاف شجاعت، استقامت اور جرات کا نام ہے، علامہ محمد امین شہیدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ امین شہیدی نے چہلم سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جو طاقتیں بھی عالم اسلام کے خلاف برسرپیکار ہیں وہ ابلیسی قوتیں ہیں۔ اسلام دین امن ہے، کسی شرپسند کا تعلق اسلام سے قطعا نہیں۔ حسینی طرز حیات اور شیعہ سنی وحدت کے ہتھیار سے ہمیں باطل قوتوں کو شکست دینا ہو گی۔ اس وقت امت مسلمہ شدید خلفشار کا شکار ہے۔ عالم اسلام کو ظلم و بربریت کا سامنا ہے۔ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینی شعار ہے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ جس سرزمین پر ظلم کے خلاف حسینی اٹھ کھڑے ہوں وہی سرزمین کربلا کی مانند ہے۔ کربلا کی تقلید ہم پر نماز روزے کی طرح واجب ہے حسینت ظلم کے خلاف شجاعت، استقامت اور جرات کا نام ہے۔ امام عالی مقام کی محبت انسان کے زندہ ہونے کی دلیل ہے۔ اگر یہ محبت نہیں تو پھر چلتے پھرتے جسم کو زندہ لاش تو کہا جا سکتا ہے لیکن انسان کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے شیعہ سنی اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں تا کہ ان گروہوں کو شکست دی جا سکے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ درس کربلا کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ہم حقیقی معنوں میں دین اسلام کی روح سے آگاہ ہو سکیں