پاکستان دشمن عناصر ملک میں مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں، امین وینس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور پولیس نے کرسمس کی تقریبات کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دینا شروع کر دیا۔ سکیورٹی بارے پولیس کے اجلاس میں اقلیتی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہونیوالے اجلاس کی صدارت سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی ایس پی سکیورٹی پرویز بٹ، اقلیتی رہنما ڈاکٹر مجید ایبل، لیاقت قیصر، حنیف مسیح ٹھیکیدار، اشکناز پادری، ڈاکٹر منوہر چاند، فادر جیمز اور سردار بشن سنگھ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ سی سی پی او امین وینس نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دے کر ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر عبادتگاہوں کے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے جس کیلئے اقلیتی رہنما پولیس کا ساتھ دیں اور پولیس کیساتھ رضاکاروں کو بھی سیکورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات کیا جائے۔ اس موقع پر اقلیتی رہنماوں نے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔