ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام سانحہ پاراچنار اور نائیجیریا کے خلاف احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام پاکستان اور نائیجیریا میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، ملتان میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مدنی چوک پر احتجاج بھی کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نائیجیریا میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرے، رہنمائوں نے نائیجیریا میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے او آئی سی اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نائیجیریا کی حکومت اور فوج اسرائیلی حکمرانوں کے اشاروں پر قتل عام کر رہی ہے، اُنہوں نے نائیجیریا کی حکومت سے آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی اور اُن کے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ پاراچنار اور نائیجیریا میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف نعرے درج تھے۔ رہنمائوں نے کہا کہ نائیجیریا کی حکومت اسرائیل کے ایماء پر مسلمانوں کے خلاف کاروائی کر رہی ہے، اس موقع پر اُنہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ نائیجیریا میں ہونے والے قتل عام کا نوٹس لیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت کی جاتی ہے دہشت گردوں کی نہیں، حکومت کی منافقانہ پالیسی کی وجہ سے ہمارے ہزاروں بے گناہ لوگ شہید ہو چکے ہیں، اُنہوں نے اسرائیل اور امریکہ کے ایماء پر سعودی عرب میں بننے والے 34 ممالک کے اسلامی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر مذمت کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے خلاف سازش قرار دیا