قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گے، گورنر کے پی کی علامہ ساجد نقوی سے ٹیلی فونک گفتگو
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں گورنر کے پی کے سانحہ پاراچنار کو انتہائی سنگین اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے درجنوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ علامہ ساجد نقوی نے پاراچنار میں بدامنی اورتکفیری دہشت گردی کے مسلسل واقعات پر تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیتی پروگراموں میں درپیش مشکلات کا فوری خاتمہ کیا جانا چاہیئے، جس پر گورنر نے مناسب سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثناء شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا بھی کمشنر کوہاٹ سے سانحہ پاراچنار کے حوالے سے رابطہ ہوا، جس میں باہمی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے ہر ممکن تعاون، قاتلوں اورتکفیری دہشت گردوں کی گرفتاری اور متاثرین کی داد رسی کے لئے تمام تر اقدامات برؤے کار لانے کا یقین دلایا گیا۔ یاد رہے کہ علامہ ساجد نقوی کے حکم پر شیعہ علماء کونسل صوبہ خیبر پختو نخوا کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی بھی پاراچنار پہنچ چکے ہیں اور وہ بھی علامہ ساجد نقوی، مرکزی سیکرٹری علامہ عارف واحدی اور صوبائی انتظامیہ سے بدستور رابطے میں ہیں