آخری تکفیری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہنا چاہئیے، فیصل کریم کنڈی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک فلسفہ کا نام ہے۔تکفیری دہشتگردی کیخلاف جنگ کو پیپلز پارٹی نے اپنی جنگ قرار دیا۔ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے بلدیاتی نظام کے نمائندے انکے خلاف بغاوت کرینگے۔ خود کو احتساب کمیشن کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت اپنے وزیر زراعت کو انصاف دیتے ہوئے انکے بھائی کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر بلاول ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احمد کریم کنڈی سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر ضلعی عہدیدران بھی موجود تھے۔ فیصل کریم خان کنڈی نے کہاکہ موجودہ علاقائی منتخب ممبران اسمبلی ڈیرہ اسماعیل خان کے حقوق کا سودا کر رہے ہیں۔ رحمانی خیل کے مقام پر تیل کے ذخائر کے مقام کو وزیر مال خیبر پختونخوا کیوں لکی کی حدود میں شامل کررہے ہیں۔ ہمارے موجودہ نمائندے ڈیرہ اسماعیل خان کی مٹی کا سودا کررہے ہیں۔ ڈیرہ ایئر پورٹ بند ہو گیا ہے۔ سوئی گیس کو ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں لائے، لیکن آج سوئی گیس کی فراہمی کا کام بند ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بدولت ہزاروں افراد ڈیرہ اسماعیل خان میں مستفید ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں کرپشن عروج پر ہے۔ پیپلز پارٹی دور میں تعمیر ہونیوالا چشمہ روڈ عوام کے سامنے ہے۔ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ اتنا خوبصورت اور معیاری روڈ موجودہ دور میں تعمیر نہیں ہو سکتا۔ آج بازاروں کو انارکلی کی طرز پر تعمیر کرنیوالے کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم رینجرز کی طرف سے سندھ میں تکفیری دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیخلاف نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آخری تکفیری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو جلد ڈیرہ اسماعیل خان آکر بلاول ہاؤس ڈیرہ میں جلسہ سے خطاب کرینگے