سی ٹی ڈی کی کارروائی، القاعدہ کی خاتون رکن گرفتار، 2 ساتھی فرار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کی خاتون رکن کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گوجرانوالہ کے علاقے صدیق اکبر ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر ایک گھر میں چھاپہ مارا جہاں سے خاتون اپنے دیگر 2 ساتھیوں سمیت بم بنانے میں مصروف تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت فرحت صدیقہ کے نام سے ہوئی جو القاعدہ کی رکن ہے، جبکہ اس کے 2 ساتھی عبدالرشید اور عمران فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، سٹیل کی کیلیں اور الیکٹرک سرکٹس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جب کہ ملزمہ سے مزید تفتیش بھی جاری ہے