پاک ایران تجارت کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، علی اصغر میر شکاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میر شکاری نے وفد کے ہمراہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر جمال ترہ کئی، سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی، کلکڑ کسٹم کوئٹہ ڈاکٹر سعید احمد جدون، ڈپٹی کلکڑ ڈاکٹر فرید احمد خان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میر شکاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ایک روح دو جان کی مانند ہیں۔ جنہیں تلوار سے بھی الگ نہیں کیا جاسکتا۔ بلوچستان کی پیڑولیم مصنوعات کی ضرورت اور ایران سرحد کے قریبی علاقوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ گوادر پورٹ کو ریلوے کے ذریعے چاہ بہار سے منسلک کرنا چاہتے ہیں، اسکا دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ایران پہلے ہی زاہدان کو ریلوے کے ذریعے یورپی ممالک کیساتھ لنک کرچکا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ چیمبر کیجانب سے جو نکات انکے سامنے رکھے گئے، ان میں تجارت کی ترقی کیلئے کچھ اور بھی تجاویز ہونی چاہیئے تھی۔ تاہم اتنا پرمحبت اور با خلوص اجلاس اس بات کا مظہر ہے کہ ہم تمام ان مشکلات کا حل چاہتے ہیں۔ تجارت کو 5 ارب ڈالر سے 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے اقدامات وقت کا تقاضا ہے۔ دونوں ممالک اور صوبوں کی تجارت سے وابستہ افراد کو کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانا ہوگا۔ آخر میں چیمبر آف کامرس کیجانب سے ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان علی اصغر میر شکاری کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی