کراچی میں برمی اور افغان دہشتگرد نیٹ ورک کے متحرک ہونے کا انکشاف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغانستان سے تربیت یافتہ برمی گروپ فہیم برمی نامی دہشتگرد کی سربراہی میں متحرک ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو شہر میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے مناسب وقت کے انتظار میں ہے، دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں افغان دہشتگرد نیٹ ورک کے گرد بھی گھیرا تنگ کر لیا ہے، جس کے بعد کراچی شہر میں برمی اور افغان دہشتگرد گروہوں کے خلاف بڑا آپریشن متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود شہر پر دہشت گردی کا بڑا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ شہر میں بڑے دہشتگرد برمی گروپ کے متحرک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دہشتگرد برمی گروپ کے کارندے اورنگی ٹاؤن، مچھر کالونی، کورنگی، ابراہیم حیدری، فشری، سہراب گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش ہوگئے ہیں، اطلاعات کے مطابق دہشتگرد برمی گروپ کے کارندوں کی بڑی تعداد منگھو پیر سمیت شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی روپوش ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق برمی گروپ کے دہشتگردوں نے کراچی کے کئی چھوٹے بڑے مدارس میں زیر تعلیم برمی طلباء و اساتذہ کے توسط سے محفوظ پناہ حاصل کر لی ہے۔ برمی گروپ کے پچاس سے زائد دہشتگرد افغانستان کی کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے نیٹ ورک سے تربیت یافتہ ہیں، جبکہ ان کی ٹریننگ غیر ملکی دہشت گردوں نے کی ہے۔ ٹریننگ لینے کے بعد یہ گروپ فہیم برمی نامی دہشتگرد کی سربراہی میں کراچی کے مختلف علاقوں میں روپوش ہوگیا ہے۔ گروپ کے کارندے شہر کراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کیلئے مناسب وقت کا انتظار کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق برمی گروپ کے دہشتگرد عسکری تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے بم بنانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں اور انکے شہر میں پہلے سے فعال کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس کی جانب سے برمی گروپ کے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ خفیہ طور پر تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی میں افغان جاسوسوں اور دہشتگردوں کا نیٹ ورک بھی فعال ہے، جو دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی اور افغانستان کے مسلح دہشتگرد گروپوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے، اس گروہ میں شامل بعض دہشتگرد شہر میں تاجروں کے لبادے میں مختلف کاروباری سرگرموں میں مصروف ہیں، جبکہ ان میں سے ایک بڑی تعداد کلفٹن، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہے، جو زیادہ تر تندور کی دکانوں میں رہتے ہیں، جبکہ کئ دہشتگرد کچرے چننے والوں کا روپ بھی دھارے ہوئے ہیں، اور باآسانی شہر بھر میں گھوم پھر رہے ہوتے ہیں، ان میں سے کئی دہشتگرد انگریزی زبان بولنے میں بھی ماہر ہیں۔ اسی حوالے سے گذشتہ مہینے رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ حساس اداروں نے کراچی میں فش ہاربر کی گجا جیٹی پر مچھلیوں کے ایک بڑے خریدار احمد خان افغانی کو حراست میں لیا تھا، جو افغانستان کے دارالحکومت کابل سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ اسی دوران شہر کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرکے افغان انٹیلی جنس فورسز کے 4 اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے جاری تفتیش اور حاصل ہونے والے انکشافات کی روشنی میں ان کے ساتھی دہشتگردوں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیجانب سے برمی اور افغان دہشتگرد نیٹ ورک کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے بعد جلد بڑا آپریشن متوقع ہے۔