قوم مسئلہ کشمیر پر کوئی بھی مفاہمت قبول نہیں کرے گی، علامہ حامد موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، قوم مسئلہ کشمیر پر کوئی بھی مفاہمت قبول نہیں کرے گی، حکمران ملک کی سلامتی پر شب خون مارنے کی بھارتی سازشوں میں ہر گز نہ آئیں اور بھارت پر واضح کر دیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خوشگوار تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے جعفریہ کے سربراہ سید محسن علی کی سرکردگی میں مرکزی عہدہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا برطانوی وزیر خارجہ کا پاک بھارت مذاکرات کو مسئلہ کشمیر سے مشروط نہ کرنے کا غیرمنطقی مشورہ بھارت نوازی ہے جو قبول نہیں، جنرل راحیل شریف نے پاکستان کو امنستان بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے، قوم فوج پاکستان کی دست و بازو بنے۔ خاتون جنت حضرت فاطمہ نے خواتین کے حقوق کیلئے سب سے پہلے آواز بلند کی۔ انھوں نے کہا کہ علمائے کرام معاشرے کے تمام طبقات کو اسلام کی حقیقی تصویر سے روشناس کرائیں تاکہ شدت پسندی کا خاتمہ اور دہشتگردی کا قلع قمع ہو سکے۔