امامیہ ایجوکیشن بورڈ کے تحت ہونیوالے پری بورڈ امتحانات کی تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے ذیلی ادارے امامیہ ایجوکیشن بورڈ کے تحت ہونے والے نویں و دسویں جماعت کے پری بورڈ امتحانات برائے سال 2016ء کی تقریب تقسیم انعامات بمناسبت یومِ والدین عوامی کالونی میں انعقاد کیا گیا، اس موقع پر امتحانات میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں موجود طلباء و طالبات کیلئے امتحانات میں کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے لیکچر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس نے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے سی پی ایل سی کے سربراہ شبر رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم و تربیت کے ذریعے ہی طلباء و طالبات معاشرے میں ایک ذمہ دار شہری کا کردار ادا کر سکتے ہیں، تعلیم یافتہ پاکستان سے دشمن خوف زدہ ہے، اسی لئے وہ ہمارے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو کامیاب ممالک کی فہرست میں شمار کرنا ہے، تو طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور ملکی ترقی کیلئے آگے آنا ہوگا۔