ڈی آئی خان، کالعدم اہل سنت و الجماعت کے متعدد دہشتگرد رہنما گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گلی ڈبہ طباغی، دین پور، لغاری گیٹ، میدان حافظ جمال سمیت گلی قاضیانوالی میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں انجام دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سٹی کے اندرونی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات پر عمل میں لائی جارہی ہیں۔ چند روز قبل دین پور میں سرچ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم اہل سنت و الجماعت و لشکر جھنگوی سے تھا۔ دوران تفتیش دہشتگردوں نے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ ان دہشتگردوں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں دیگر گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے میدان حافظ جمال کے قریب بھی سرچ آپریشن کیا، تاہم کالعدم اہل سنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والا الیاس نامی دہشتگرد نہ ملا۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے قاضیانوالی گلی میں کارروائی کرکے سیف الرحمن بنگش نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ سیف الرحمن بنگش کالعدم اہل سنت و الجماعت کا ضلعی امیر تھا، اور قتل و اقدام قتل کے کئی مقدمات میں اس کا نام تھا۔ اس سے پہلے بھی سیف الرحمن بنگش کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا تھا، تاہم عدالت کے ذریعے اس کی رہائی عمل میں آئی تھی۔