’را‘ کےگرفتار ایجنٹ کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے، بلوچستان اسمبلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )بلوچستان اسمبلی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے حاضر سروس افسرکی گرفتاری پر اپوزیشن لیڈر کی تحریک التوا کو بحث کے بعد قراردادکی صورت میں منظور کر لیا۔
زرائع کے مطابق اراکینِ بلوچستان اسمبلی نے اس بڑی کارروائی پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت اس معاملے کو عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے۔اجلاس میں سانحہ لاہورکی مذمت کرتے ہوئےشھید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور مسیحی برادری کے ہلاک افراد کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کی26مارچ کو را کے نیول افسرکی گرفتاری پرالتواکی تحریک پر بحث ہوئی، تحریک التوا پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیرنواب محمد خان شاہوانی نے کہا کہ ہمارے اداروں نے جس طرح بھارتی حاضر سروس افسرکو گرفتارکیا یہ قابل تحسین ہے۔
اپوزیشن رکن سردار عبدالرحمن کھیتران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں تخریب کاری کرنے والے اور پاکستان دشمن عناصر اور تکفیری مدارس و دہشتگردوں کی سہولت کاری کرنے والے انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کو سرِ عام پھانسی دیکر پاکستان کے دشمنوں کے لئے نشانِ عبرت بنایا جائے