حقوق نسواں کے نام پر دینی اقدار اور خاتون جنت (س) کی سیرت کی پامالی کی مذموم راہ ہموار کی جا رہی ہے، متحدہ علماء محاذ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے تمام عالم اسلام کو خاتون جنت دختر رسول ﷺ سیدہ فاطمہ کی ولادت باسعادت کے یوم پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان نبوت کی خوشیوں کا تذکرہ خیر عشق رسالتؐ و شفاعت رسولؐ کا سبب ہے، سیدہ فاطمہ زہرا (س) کا تذکرہ دین و ایمان کی پختگی اور راحت و نجات کا ذریعہ ہے، حقوق نسواں کے نام پر فحش و عریانی کو فروغ دینی اقدار اور خاتون جنت (س) کی سیرت و کردار کی پامالی کی مذموم راہ ہموار کی جا رہی ہے، جسے اہل بیت (ع) اطہار پر جانیں قربان کرنے والے غیور عوام و علماء کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، نواز حکومت اخلاق باختہ مادر پدر آزاد مغربی طرز فکر کو ترک کر کے خاتون جنت کے کردار و سیرت کی روشنی میں حقوق نسواں بل تشکیل دے، اسلامی نظریاتی کونسل اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے، غیر شرعی حقوق نسواں بل منظور و مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے والے اپنے دین و ایمان کی خیر منائیں، بنات رسولؐ و ازواج مطہرات ؓ اور حسنین کریمین (ع) کا کردار اپنا کر ہی امن و وحدت کی حقیقی فضا پیدا کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا انتظار الحق تھانوی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ عبداللہ غازی، مولانا محمد امین انصاری، علامہ عبدالخالق فریدی، مولانا قاری اللہ داد، مولانا سلیم اللہ ترکی، علامہ روشن دین الرشیدی، مولانا عبداللہ جونا گڑھی سلفی، علامہ علی کرار نقوی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ شاہدین اشرفی، ممتاز دانشور اے اے فریدی، ابصار احمد، سید جمیل شاہ، قاری انوار حمیدی، حافظ گل نواز و دیگر نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ جشن ولادت خاتون جنت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سانحہ لاہور سمیت ملکی امن و استحکام اور ضرب عضب آپریشن کی کامیابی اور بانی و سکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔