سعودی عرب نے مودی کو سول ایوارڈ دیکر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز نقوی نے سعودی شاہی خاندان کی طرف سے لاکھوں مسلمانوں کے قاتل اور گجرات فسادات کے ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سب سے بڑا سول ایوارڈ دینے کو کشمیریوں کی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ انڈین ایجنسی کے اہلکار کے ایران سے تعلق جوڑنے والوں کی زبان کو اب تالے کیوں لگ گئے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورے کے فوری بعد بھارتی وزیر اعظم کے دورے اور پذیرائی سے پاکستان کو جو پیغام دیا گیا ہے، اس پر حکمرانوں اور عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے نزدیک کشمیری مجاہدین دہشتگرد ہیں، اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون سمیت متعدد معاہدے کرنے کا مطلب سب کو سمجھ جانا چاہیئے کہ امت مسلمہ کا سعودی خاندان کو کتنا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی مدد کی بجائے اسرائیل کی سرپرستی اور حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دینا اور شام میں مداخلت سعودی خاندان کی مخصوص ذہنیت کی علامت ہے، جس سے امت مسلمہ بے خبر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنت البقیع میں اہل بیت عظامؑ، ازواج مطہرات اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے مزارات کی مسماری کے دل آزار سانحہ کو بھی امت ابھی تک بھول نہیں سکی، عید میلادالنبی پر پابندی اور روضہ رسول (ص) سے عقیدت کے اظہار پر مسلمانوں کو کس طرح کے سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، گویا امت آل سعود کے مظالم سے بخوبی آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند وظیفہ خور عناصر نے ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر پاکستان اور ایران کے تعلقات کو خراب کرنے کی دانستہ سازش کی ہے، اور 3 مارچ کے گرفتار کلبھوشن یادیو کے انکشافات میں ایران میں قیام کو میڈیا میں اچھالنا بھی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا، جس پر سول خفیہ طور پر حکومت شرمندہ ہے، مگر یہ دل آزاری ہوئی۔