کرپشن کے خلاف جنرل راحیل شریف کے اقدام سے اداروں میں استحکام پیدا ہوگا، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شر یف کی طرف سے فوج میں احتساب کا عمل دیر آئے درست آئے خوش آئند ہے، پاکستان کے ہر ادارے میں کرپشن سے طہارت کا عمل ہونا ضروری امر ہے، اس کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے جس کی وجہ سے نہ ملک ترقی کر پا رہا ہے اور نہ عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں، جنرل راحیل شریف کا فوج میں کرپشن سے متعلق حالیہ اقدام تمام اداروں کے لیے ایک پیغام ہے، گزشتہ ادوار میں اگر سابقہ جنرل اس طرح کے اقدامات اٹھاتے تو ملک کی یہ کیفیت نہ ہوتی لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ جنرل راحیل کے اس اقدام سے اداروں میں استحکام پیدا ہوگا اور اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ عوام کی بہت سی توقعات اس اقدام سے وابستہ ہیں، گزشتہ 67 سالوں سے اس ملک میں کرپشن ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کے خزانے خالی ہوگئے ہیں اور ملک پر قرضوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے، پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے، چند سیاسی خاندانوں نے اس ملک کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا اور اس ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو بیرون ملک منتقل کیا، ان تمام سیاستدانوں کے بڑے بڑے کاروبار یورپ میں اور دیگر ممالک میں چل رہے ہیں لیکن اس ملک کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے، پاکستان کو دو چیلنج کا سامنا ہے ایک دہشت گردی دوسرا پاکستان کے وسائل پر دہشت گردی کرپشن کی صورت میں ہورہی ہے، ان دونوں چیلنجز سے نمٹنا ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے اس طرح کے اقدام سے ہی ملک تر قی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔