عوام متبادل صالح قیادت کے سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جیکب آباد میں رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد مقیم خان کھوسو کی وفات کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں سرگرمیاں شروع ہیں۔ اسی سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کی رہائشگاہ پر شہر کے معززین اور مختلف مسالک کے رہنماؤں کا مشورتی اجلاس منعقد ہوا۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکریٹری جنرل حسن رضا غدیری، مولانا سیف علی ڈومکی و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو خدمت کے جذبے سے سرشار نمائندے کی ضرورت ہے، جس کا ماضی بے داغ اور کرپشن سے پاک ہو۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، جبکہ ملکی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کو دہشت گردی اور کرپشن سے نجات دلائیں۔ کرپشن اور دہشت گردی نے دیمک کی طرح ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین معاشرے کے مظلوم اور ستمدیدہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، ملکی اور عالمی سطح پر انسان اور عوام دشمن سامراجی قوتوں کے خلاف ہم میدان عمل میں ہیں۔ عوام متبادل صالح قیادت کے سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں۔ اجلاس میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔