ٹارگٹ کلنگ کے سانحات ہونیوالی گرفتاریوں کا ردعمل ہو سکتے ہیں، ڈی پی او ڈیرہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیفٹیننٹ (ر) یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیرھ ماہ قبل اور گذشتہ روز پیش آنیوالے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک ہی گروپ ملوث ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیفٹیننٹ (ر) یاسر آفریدی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ژوب سےتکفیری دہشت گردوں کے سہولت کار کو گرفتار کیا ہے۔ گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اسی واقعہ کا ردعمل ہو سکتے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ڈی پی او یاسر آفریدی نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت سے بات ہو چکی ہے۔ ایک ماہ کے اندر ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے تین سو نئے سی سی ٹی وی کیمرے دیئے جائینگے، جس سے امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہمیں مل چکی ہے، جس کی مدد سے ہم تکفیری دہشتگردوں تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تھانہ سٹی کی حدود میں سکیورٹی کے بہتر انتظامات کی وجہ سے تکفیری دہشت گرد شہر میں کوئی واردات نہ کرسکے۔ عنقریب ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کو گرفتار کرلینگے۔