نون لیگ کالعدم تکفیری گروہوں کا سب سے بڑا سیاسی ونگ ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) قوم زر پرست اور اقتدار پرست حکمرانوں سے بیزار ہے، سیاست کو پیسے کا کھیل بنانے والوں نے جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے، 2 فیصد اشرافیہ ملک کے 98 فیصد وسائل پر قابض ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں علماء لاہور کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے، کرپٹ مافیا کا احتساب نہ ہوا تو ملک خوشحال نہیں ہوسکے گا، کرپشن ملکی ترقی کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، حکمران پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات روکنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم کرپشن اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے متحد ہو جائے، نون لیگ کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کا سب سے بڑا سیاسی ونگ ہے، حقیقی احتساب ہوا تو شریف خاندان ہمیشہ کیلئے سیاست بدر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ظالمانہ استحصالی و طبقاتی نظام کے خاتمے سے ہی عوامی خوشحالی کا راستہ کھلے گا، جعلی جمہوریت عوام کیلئے بے فیض ثابت ہوئی ہے، جمہوریت کے سارے ثمرات مراعات یافتہ طبقے نے سمیٹے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ خونی انقلاب کو روکنے کیلئے بے رحم احتساب ناگزیر ہے، تاجر صفت حکمران ملک و قوم پر بوجھ بن چکے ہیں، پنجاب کے سارے فنڈز اورنج لائن اور میٹرو بس پر خرچ کرنے سے پسماندہ علاقوں کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ قوم کی اصل ضرورت میٹرو بس اور اورنج ٹرین نہیں معیاری ہسپتال اور سکول ہیں، جنوبی پنجاب غربت اور محرومی کی آگ میں جل رہا ہے، لیکن پنجاب حکومت سرکاری وسائل لاہور پر لٹا رہی ہے، اپوزیشن متحد ہوگئی تو حکومت کا دھڑن تختہ کوئی نہیں روک سکے گا۔ اجلاس میں مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ معاذ المصطفٰی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری اور دیگر نے شرکت کی۔