مجلس وحدت مسلمین کا ملتان میں بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری، بشپ آف ملتان کے نمائندے کی شرکت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز سے جاری، مسیحی برادری کی جانب سے بشپ آف ملتان کے نمائندے پادری نعیم کی شرکت۔
زرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سید دلاور عباس زیدی، جام اطہرحیات، سید علی رضا بخاری اور دیگر رہنما موجود۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملک کے حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔ انہیں عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ نوازشریف اپنی وزارت عظمی بچانے جبکہ عمران خان وزارت عظمی کے حصول کے لیے بے قرار و بے چین ہیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ چار دن سے ہمارے علمائے کرام بھوک ہڑتال کر کے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کسی وفد نے جانا گوارا نہیں کیا۔ اگر حکومت نے اسی طرح ہٹ دھرمی کا اظہار جاری رکھا تو ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھوک ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ہمارے خلاف ہونے والے نسل کشی کا نوٹس لیں، ہمیں ملک میں پاک فوج کی حمایت کی سزا دی جا رہی ہے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف سے قوم کی توقعات وابستہ ہیں اگر آرمی چیف نے بھی ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف کوئی کردار ادا نہ کیا تو پوری دنیا میں پاک فوج کا کردار متاثر ہوگا۔ جس طرح کراچی میں رینجرز کی حراست میں ہلاک ہونے والے ایم کیو ایم کے رہنما کی موت کی تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے اسی طرح پاراچنار میں بھی ایف سی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والے شیعہ مسلمانوں کی قتل کی تحقیقات کا حکم جاری کیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ن لیگ کی سرپرستی میں تکفیری دہشتگردوں کو ہمارے خلاف کاروائیوں کا فری ہینڈ دیا گیا ہے۔ ہم پنجاب حکومت کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف پنجاب میں بے بنیاد مقدمے بنائے جارہے ہیں اور اُنہیں شیعہ ہونے کی سزاء دی جارہی ہے۔