پی ایس 117 کے ضمنی انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے امیدوار اسلامی تحریک کے حق میں دستبردار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ ڈاکٹر صغیر احمد کے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے بعد PS-117 کی خالی ہونے والی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار محسن مقادم اور رضوان پنجوانی شیعہ علماء کونسل کے امیداوار علی رضا لال جی کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔ اس بات کا اعلان گذشتہ روز ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے نامزد سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل حسنین مہدی، صوبائی نائب صدر علامہ جعفر سبحانی، کراچی کے صدر علامہ کرم الدین واعظی اور اسلامی تحریک کے امیدوار علی رضا لال جی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ قومی وحدت اور یگانگت کو پارٹی مفادات پر ترجیح دی ہے اور حلقہ PS-117 میں بھی ہم نے اپنی قیادت کی اتحاد وحدت کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے امیدوار کے حق میں اپنے امیداوار دستبردار کروانے کا اعلان کیا ہے، ہم شیعہ علماء کونسل کے امیدوار کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، ساتھ ہی ان کی الیکشن مہم میں بھی ان کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ جعفر سبحانی نے مجلس وحدت مسلمین کے اس جذبہ خیر سگالی پر مسرت کا اظہار کیا اور علی رضا لال جی کی حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان مجلس وحدت مسلمین کی اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس احسن اقدام پر ان احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے امیداروں کے علاوہ اس نشست پر نامزد دو آزاد امیداروں حسنین حیدری اور عون علی نے بھی مجلس وحدت مسلمین کی درخواست پر علی رضا لال جی کی حمایت میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔