پاکستان کی مشکلات کا بنیادی سبب وطن عزیز میں امریکی مداخلت ہے، شیعہ تنظیموں کا مؤقف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) 16 مئی یوم مردہ باد آمریکہ و اسرائیل کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم، اصغریہ اور آئی ایس او کے زیر اہتمام جیکب آباد میں احتجاجی جلوس اور ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر احتجاجی جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ارض فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ نا قابل قبول ہے۔ شیطان بزرگ امریکہ کی انسان دشمن سامراجی پالیسیاں امن عالم کیلئے حقیقی خطرہ ہیں۔ پاکستان کی مشکلات کا بنیادی سبب وطن عزیز میں جاری امریکی مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ اور سنی مسلمان متحد ہو کر امریکی غلامی سے نجات حاصل کریں۔ اس موقع پر تقریب سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر سلمان حسینی، MWM ضلع جیکب آباد کے سیکریٹری جنرل حسن رضا غدیری، اصغریہ کے رہنما غلام شبیر اور اویس احمد جکھرانی نے خطاب کیا۔