ملامنصورشناختی کارڈمعاملہ:نادرا کا’اہم کردار‘گرفتار
شیعہ نیوز ( پاکستانی خبر رساں ادارہ ) کوئٹہ: افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام محمد بگٹی کو گرفتار کرلیا۔ ملا اختر منصور 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے، حملے کے بعد حکام نے ان کے پاس سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ برآمد کیا تھا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق 2007 میں نادرا سے ریٹائر ہونے والے غلام محمد بگٹی نے 2002 میں ملا اختر منصور کو قومی شناختی کارڈ کے اجرا میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ غلام محمد بگٹی کو کوئٹہ سے گرفتاری کے بعد تحقیقات کے لیے ریجنل دفتر منتقل کردیا گیا۔ ملامنصور کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کے لیے دستاویزات کی تصدیق کے الزام میں ایف آئی اے پہلے ہی قلعہ عبد اللہ کے سابق اسسٹنٹ کمشنر رفیق ترین کو گرفتار کر چکی ہے، جبکہ قلعہ عبد اللہ اور کوئٹہ سے 3 نادرا عہدیداران کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔
قلعہ عبد اللہ کے سابق نائب کمشنر حافظ محمد طاہر سے، ملا اختر منصور کو شناختی کارڈ جاری ہونے کے حوالے سے، پہلے ہی ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دستاویزی ریکارڈ کے مطابق ملا اختر منصور کو پرویز مشرف کے دور حکومت میں 2002 میں شناختی کارڈ جاری کیا گیا جبکہ 2012 میں اس کی تجدید کی گئی۔ بلوچستان میں ڈرون حملے اور ملا اختر منصور سے جعلی شناختی کارٖڈ اور پاسپورٹ ملنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب نادرا نے بھی ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں تقریباً 25 لاکھ خاندانوں کو جاری شناختی کارڈ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔