علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال انصاف کے حصول اور قومی سلامتی کیلئے ہے،علامہ مبشر حسن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ملک میں انتہاء پسندی اور دہشت گرد طاقتوں کا خاتمہ ہونا چاہیئے، ہر محب وطن پرامن پاکستان چاہتا ہے، کسی بھی مسلک یا مذہب کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ ملکی و استحکام کے لیے نقصان دہ ملک دشمن عناصر کی سازش ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیلات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کارکنان سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اختلاف کسی مخصوص جماعت یا گروہ سے نہیں بلکہ ملک دشمن نظریات سے ہے، ہم جمہوری اقدار کے حامی ہیں اور عوام کے حقوق کی پامالی کو جمہوریت کے منافی سمجھتے ہیں، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری بنتی ہے لیکن حکومت اس معاملے میں ذمہ دارانہ کردار ادا نہیں کر رہی، کراچی میں ملت تشیع کے نامور افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، گلگت بلتستان اور پارہ چنار میں ہمارے لوگوں کو زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، شیعہ سنی عقیدوں کو نیشنل ایکشن پلان کی بھینٹ چڑھا کر لوگوں کو اسلام کی اصل سے دور کرنے کی حکومتی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر رہنما گزشتہ تین ہفتوں سے انصاف کے حصول اور قومی سلامتی کی خاطر دہشتگردی، لاقانونیت، کرپشن کے خلاف بھوک ہڑتال کئے ہوئے بیٹھے ہیں، ان کے مطالبات جائز اور ایک محب وطن شہری کے ہیں جس کو ملکی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہمارے اصولی اور جائز مطالبات تسلیم کرنے ہوں گے، ہمارے اعصاب کا امتحان نہ لیا جائے، اگر حکومت یہ سمجھتی ہے ہم احتجاج ختم کردیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے، اپنا پر امن ملک گیر تاریخی احتجاج جاری رکھیں گے۔