قبلہ اول کی آزادی تک ہماری جدجہد جاری رہے گی، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور ٹاؤنز میں جمعتہ الوداع کے موقع پر یوم القدس کی ریلیاں، مظاہرے، سیمینارز اور مذاکروں کا انعقاد کیاجائیگا۔ علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ہر مسلمان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بلاتفریق یہودیوں سے قبلہ اول کو آزاد اور مظلوم فلسطینی بھائیوں پر مظالم رکوانے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کریں۔ علامہ عارف حسین واحدی نے یہ بات مرکزی آفس میں منعقدہ مرکزی یوم القدس کمیٹی کے اجلاس میں کی۔ یوم القدس کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں تیاریوں کے تمام پہلوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ملک کے تمام صوبائی، ڈویژن، ضلعی اور تحصیل و یونٹ سطح کے تمام عہدیداران کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور مرکزی یوم القدس کمیٹی تمام صوبوں اور اضلاع میں قدس کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ملک بھر میں شہر شہر، نگر نگر پرامن یوم القدس ریلیوں میں عوامی شرکت کو مثالی اور کامیاب بنانے کے لئے تمام سطح پر رابطوں کا سلسلہ بڑھائے گی۔ اجلاس میں حکومتی ذمہ داران اور پولیس انتظامیہ سے بھی توقع کا اظہار کیا کہ وہ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ریلیوں کو سکیورٹی سمیت دیگر انتظامی معاملات میں قدس کمیٹی کے ذمہ داران سے بھی تعاون کریں گے۔