سیدہ فاطمۃ الزاھراء نبی کریم ؐ کی سیرت مبارکہ کی کامل مظہر تھیں، ڈاکٹر راغب نعیمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ماں اپنے بچوں کی تربیت خاتون جنت کی تعلیمات کی روشنی میں کرکے گھروں کو امن وسکون کا گہوارہ بنا سکتی ہیں۔ سیدہ فاطمۃ الزاھراءؑ نبی کریم ؐ کی سیرت مبارکہ کی کامل مظہر تھیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار معروف دینی سکالر و ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراءؑ کے بارے نبی کریمؐ نے فرمایا کہ فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہیں، احادیث مبارکہ سیدہ خاتون جنتؑ کے بیشمار فضائل ومناقب بیان کئے گئے ہیں۔ آپؑ سیدنا امام حسنؑ، امام حسینؑ کی والدہ، سیدنا حضرت علیؑ کی زوجہ محترمہ اور نبی کریم ﷺ کی لخت جگر ہیں۔ آپؑ اخلاق وکردار کی پاکیزگی، رفتار گفتار میں نبی کریمﷺ کی بہترین نمونہ تھیں، سیدہ خاتون جنتؑ پردہ کی نہایت ہی پابند اور حد درجہ حیادار تھیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے اس کو تنگ کیا اس نے مجھے تنگ کیا، جس نے مجھے تنگ کیا اس نے اللہ تعالی کو تنگ کیا، قریب کہ اللہ تعالی اس کا مواخذہ کرے‘‘ نبی کریم سیدہ فاطمۃ الزاہراء کے ہر رنج و راحت میں شریک ہوتے، خاتون جنتؑ جود وسخا کی پیکر تھیں۔