سنی اتحاد کونسل آج جمعہ کو یومِ پاک فوج زندہ باد منائے گی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیرِاہتمام آپریشن ضرب عضب کے 2 سال مکمل ہونے پر آج جمعہ 17 جون کو ملک گیر ’’پاک فوج زندہ باد یوم‘‘ منایا جائے گا۔ اس موقع پر جمعہ کے اجتماعات میں پاک فوج کے حق میں قرار دادیں منظو ر کی جائیں گی اور خطبات جمعہ میں ضرب عضب کے فوجی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے وفود آپریشن ضرب عضب کے فوجی شہداء کے مزاروں پر حاضری دیں گے اور انکے لواحقین سے ملاقاتیں کریں گے، رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو پاک فوج کے شہداء سے منسوب کیا جائے گا۔ پیر طارق ولی چشتی کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نے قوم کو امن کا تحفہ دیا ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرکے ضرب عضب کی کامیابیو ں کو ضائع کر رہی ہے، ضرب عضب کے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، فوج نے نیشنل ایکشن پلان پر اپنے حصے کا کام مکمل کر دیا ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔