Uncategorized

امام حسنؑ نے پوری زندگی اسلام کی خدمت میں گزاردی،علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ولادت باسعادت حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے تاجدار امامت کی سیرت و کردار میں پیغمبر گرامی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کا عکس نظر آتا ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی خدمت اسلام میں گزاردی اور امت کو تقسیم ہونے سے بچانے کیلئے صلح کرلی، جس کے اثرات صلح حدیبیہ کی طرح مثبت ہی رہے اور امت کی تقویت کا باعث بنے۔

زرائع کے مطابق لاہور میں جشن ولادت باسعادت امام حسنؑ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام، دوسرے امام اور پانچویں معصوم ہیں، جن کی تربیت خود رسول خدا نے کی اور اپنی محبت سے سرفراز فرمایا اور مختلف احادیث مبارکہ میں اپنے دونوں نواسوں حسن ؑو حسینؑ کے فضائل بیان فرمائے۔ کبھی انہیں نوجوانان جنت کے سردار قرار دیا تو کبھی مدینہ کی گلیوں میں اپنے کندھوں پر اٹھا کر دنیا کو بتلایا کہ دونوں شہزادے انہیں کتنے پیارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یزید کیخلاف تحریک کربلا سے عالمگیر انقلاب برپا کرنیوالے تیسرے تاجدار امامت، حضرت امام حسین علیہ السلام بھی امام حسنؑ کی امامت کے دس سال کے دوران ان کی سرپرستی اور تربیت میں رہے۔

علامہ سبطین کا کہنا تھا کہ بعد از شہادت امام علی علیہ السلام ، امام حسن علیہ السلام کی صلح تاریخی واقعہ ہے، جس نے امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور صلح کے بعد کے اثرات سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ صلح حدیبیہ کے برابر نتائج کی حامل تھی۔ جس سے ثابت ہوا ہے کہ جنگ ہر مسئلے کا حل نہیں۔ اپنی شرائط کے ساتھ صلح بھی معاشرے میں اچھے اثرات مرتب کرتی ہے اور جو شرائط اس صلح میں رکھی گئی تھیں وہ روشن فتح ہے کیونکہ قرآن و سنت کی پاسداری، جان و مال کے تحفظ اور ولی عہد مقرر نہ کرنے کی شرائط طے کروالی گئی تھیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ آج کے دور میں ہمیں سیرت امام حسنؑ پر عمل پیرا ہوکر امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے، تاکہ اسلام کو مضبوط کیا جاسکے اور باہمی اختلافات پر توانائیاں خرچ کرنے کی بجائے، اتحاد کی قوت سے اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button