حکومت علامہ راجہ ناصر عباس کے مطالبات پر توجہ دے ورنہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے، آئی ایس او کراچی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر دوران مرکزی جلوس آئی ایس او کراچی کے زیر اہتمام ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین کا اہتمام کیا گیا جس کی امامت مولانا سید نسیم حیدر نقوی نے کی۔ بعد نماز ظہرین ایک احتجاجی مظاہرہ پاکستان میں جاری محبان محمد آل محمد (ع) کی نسل کشی، فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم اور شام و عراق میں تکفیری گروہ کی دہشت گردی کے خلاف کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فسادی ملّا امریکہ و اسرائیل کے پالے ہوئے دہشتگرد فتنہ و فساد برپا کئے ہوئے ہیں، شہید خرم زکی اور امجد صابری کے قتل کے پیچھے انہی فسادی ملّاوں کا ہاتھ ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہے لیکن نواز حکومت جو کہ فرقہ وارانہ فسادی طاقتوں کی ہم نوالہ و ہم پیالہ ہے اس پر امن احتجاج پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال اور مطالبات پر توجہ دے وگرنہ ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے۔
آئی ایس او کے ترجمان ریحان اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت ان تکفیریوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے اور یہ سب کچھ ریاست میں موجود ان کالی بھیڑوں کی وجہ سے ہے جو ان کی پشت پناہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ان تکفیریوں نے فتنہ و فساد برپا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیریوں کا اصل مقصد اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اسرائیل جس نے فلسطینی عوام کا مکمل محاصرہ کیا ہوا ہے، پانی جیسی بنیادی سہولت کے محروم کیا ہوا ہے، ہم اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور غزہ کے محاصرے کو ختم کرایا جائے۔ ترجمان آئی ایس او نے بحرین کی کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی رہنما شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس قسم کے اقدامات بحرینی حکومت کے متعصبانہ رویّہ کی عکاسی کرتا ہے۔