مولائے کائنات کی ولایت کو مانے بغیر ہم اہلسنت نہیں کہلا سکتے، معصوم نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مولائے کائنات مولا امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی اطاعت رسول اور اپنی حکومت کے دوران عدل الٰہی کے سختی سے نفاذ نے انہیں ممتاز مقام عطا کیا ہے کہ ان کی شان اقدس میں پیغمبر اکرم کی احادیث مبارکہ ہی ان کی عظمت کی بہترین دلیل ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے لاہور میں محفلِ تزکرہ علی المرتضیٰؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پیر معصوم نقوی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنے اور اتحاد اسلامی کیلئے شیر خدا جیسی شجاعت و بہادری اورمصالحانہ کردار کی ضرورت ہے۔امام علیؑ محراب میں بہترین عبادت گذار، متقی اور میدان جنگ میں شجاعت و تحمل کے جوہر دکھانے والے وصی ِ رسول اللہ ﷺ تھے، جن سے ولایت چلی اور آج پوری دنیا میں ان کی اولاد سادات کی شکل میں موجود ہے اور تبلیغ دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات امام علی علیہ السلام نے تمام خلفاء کی مدد اور رہنمائی کی، ان کیساتھ شریک رہے، خلفاء ان سے مشاورت کرتے تھے، ہمیں ان کے درمیان تفریق نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت علیؑ کی ولایت کو مانے بغیر ہم اہلسنت نہیں کہلا سکتے، ہمیں فرقہ وارانہ سوچ سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے، امام علیؑ کی شان کوئی کم کرسکتا ہے اور نہ ہی اسے اس سے زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہے، جو پیغمبر نے اپنی احادیث مبارکہ میں بیان فرمائی ہے۔ ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے پیر معصوم نے کہا کہ علی المرتضٰی فرماتے تھے کہ میں پیغمبر سے ایسے محبت کرتا ہوں جیسے اونٹنی کا بچہ اس کے گرد چکر لگاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت سے زیادہ علی المرتضٰی سے محبت کا دعویدار کوئی مسلک نہیں ہوسکتا اور ہم کسی کی محبت پر شک نہیں کرتے، مگر اپنی محبت کو چھپاتے بھی نہیں۔ جو اہل بیت سے محبت سے انکاری ہے، اس کا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا اور نامکمل ایمان والے اہل سنت نہیں ہوسکتے، یہی اکابرین اہل سنت کی تعلیمات اور ہدایات ہیں۔