جمعہ الوداع کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا جائے گا، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جمعتہ الوداع کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا جائے گا اور مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کئے جائیں گے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نےجامعہ فیوض القرآن شام نگر لاہور میں علامہ مفتی نعیم جاوید نوری کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نون لیگ ٹوٹنے اور بکھرنے والی ہے، عید کے بعد حکومت ہٹاؤ تحریک چلانے کی تیاریاں کر لی ہیں، اب ہر طرف گو نواز گو کے نعرے کی گونج سنائی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ کو کروڑوں روپے دینے کا کوئی جواز نہیں، خیبر پختوانخواہ حکومت کے اس عمل سے فرقہ واریت پھیلے گی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خاندانی اور موروثی سیاست سے عوام کو کچھ نہیں مل سکتا، شریف خاندان کے 20 افراد اقتدار میں شریک ہیں، سیاسی پارٹیاں لمیٹڈ کمپنیاں بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خارجیت اور تکفیریت نے امت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، بھارت کراچی میں بدامنی پیدا کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہا ہے، کراچی میں امن کیلئے رینجرز کو فری ہینڈ دیا جائے، جعلی جمہوریت غریب عوام کیلئے بے فیض ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا دامن صاف ہوتا تو وہ پانامہ لیکس کی تحقیقات میں رکاوٹیں پیدا نہ کرتے، جمہوری دور میں بلدیاتی نمائندوں کا اختیارات سے محروم رہنا افسوسناک ہے، یورپی یونین کی ٹوٹ پھوٹ نئے عالمی معاشی اتحاد کی طرف اہم قدم ہے۔