حکومت پاکستان یوم القدس کو پورے پاکستان میں سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، شیعہ تنظیموں کا مطالبہ
شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے عالمی یوم القدس کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر یاور عباس، سربراہ جعفریہ الائنس علامہ عباس کمیلی، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے علامہ مرزا یوسف، رہنماء ایم ڈبلیو ایم علامہ صادق جعفری، جماعت اسلامی کے مظفر ہاشمی، مسلم لیگ (ن) کے پیر اظہر شاہ ہمدانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماوں نے شرکت کی۔ شرکاء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ اس سال یوم القدس 25 المبارک بتاریخ 1 جولائی بروز جمعہ منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جاچکی ہیں، ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان، پشاور میں آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی، ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا جہاں کانفرنس منعقد ہوگی اور مرکزی خطابات کئے جائیں گے، ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہوکر بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ اس سال یوم القدس فلسطین، یمن، نائیجیریا، بحرین، شام و پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانیت کے مدمقابل قوتوں سے اظہار نفرت کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کئی دہائیوں پرانا ہے لیکن مسلمان حکمرانوں کی خاموشی کے باعث آج تک حل نہیں ہو پایا ہے، سن 1948ء میں برطانوی سامراج کی سرپرستی میں فلسطینی مسلمانوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کر کے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو وجود میں لایا گیا، جس کے بعد امریکہ نے اسرائیل کی مالی و سفارتی سطح پر اس کی حمایت کی اور اسرائیل کو جدید ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان سے لیس کیا، اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف آنے والی ہر قرارداد کو ویٹو کرکے اسرائیل کو بھرپور سیاسی مدد فراہم کرتا آیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر یاور عباس، علامہ مرزا یوسف، سلمان مجتبیٰ، علامہ صادق جعفری، پیر اظہر علی شاہ ہمدانی، اسرار عباسی، علامہ قاضی احمد نورانی اور علامہ عقیل موسیٰ نے کہا کہ ترکی نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرکے مسلم امہ کے ساتھ خیانت کی ہے، فلسطین میں جاری مظالم پر مسلمان حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، ماہ رمضان میں اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں کا پانی بند کیا ہوا ہے، حکومت پاکستان یوم القدس کو پورے پاکستان میں سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔