صاحبزادہ ابوالخیر زبیرکی سعودی عرب کے شہر جدہ، قطیف اور مدینہ منورہ میں خودکش بم دھماکوں کی مذمت
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سعودی عرب کے شہر جدہ، قطیف اور مدینہ منورہ میں خود کش بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم امہ ان دہشت گردی کی کاروائیوں کے خلاف متحد ہو جائے اور اسلامی اخوت وبھائی چائے کا مثالی نمونہ پیش کر کے اسلام دشمن استعماری قوتوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دے۔
زرائع کے مطابق حیدرآباد سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقدس مقامات دنیا بھر کے مسلمانوں کا روحانی مرکز ہیں، جہاں حاضر ہو کر مسلمان بیت اللہ کا طواف اور روضۂ رسول اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرتے ہیں اور اپنی مغفرت کی دعائیں مانگتے ہیں، ان مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے شیطان صفت عناصر کے خلاف امت مسلمہ کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جانا چاہئے اور مسلمانوں کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف ڈٹ جانا چاہئے۔ رمضان کے مقدس مہینے کے آخری عشرے میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے سعودی عرب کے تین شہروں میں دہشت گردی کی کاروائیاں کر کے فرعون صفت درندگی کا جو عمل کیا گیا اسے مسلمان اپنے اتحاد یگانگت اخوت اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط کرتے ہوئے خاک میں ملا دیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن نبی رحمت حضور (ص) کے روضۂ اقدس اور مسجد نبوی (ص) کی کسی بھی طرح بے حرمتی اور اسے نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ ہم اسلام دشمن طاغوتی قوتوں اور فتنہ پرستوں کے سرپرستوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ ان مکروہ سرگرمیوں سے بعض آجائیں اور اپنی دہشت گردی کی کاروائیوں کو فوری بند کر دیں۔ انہوں نے سعودی حکومت سے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی مکروہ کاروائیاں کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان مقدس مقدمات کی سیکورٹی کے انتظامات بہتر خطوط پر استور کئے جائیں۔ انہوں نے ان بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کے ورثہ سے دلی ہمدردی، اس فسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا بھی کی۔