ملتان، ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے زیراہتمام ریلی، حکومت مخالف شدید نعرے بازی
شیعہ نیوز ( پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ملتان میں امام بارگاہ دولت گیٹ سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ ٹارگٹ کلنگز اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت خواہر سیدہ زہرا نقوی نے کی، جبکہ احتجاجی ریلی سے علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین ہادی، محمد عباس صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت کی طرف سے عدم توجہی پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ہمارے بے گناہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمارے باصلاحیت، پڑھے لکھے اور ہنرمند افراد کو چن چن کر شہید کیا جا رہا ہے۔ کالعدم مذہبی جماعتوں کو حکومت کی مکمل آشیرباد حاصل ہے جس کے باعث وہ ملک میں دندناتی پھر رہی ہیں۔ عدلیہ سمیت ملک کے دیگرمقتدر اداروں کی طرف سے ان واقعات پر مسلسل خاموشی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا جب ریاست بے گناہوں کو پابند سلاسل کرنے لگے اور جرائم پیشہ افراد کو رعایت دینے لگے تو پھر ملک میں عدل و انصاف کی بجائے اختیارات کی حاکمیت سمجھی جاتی ہے۔