Uncategorized

داعش کی موجودگی کی اطلاع پر لال مسجد عناصر کیخلاف سکیورٹی فورسز کا خفیہ کریک ڈاؤن

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پنجاب میں لال مسجد عناصر کیخلاف خفیہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا، کئی شدت پسند ہلاک ہوگئے، داعش کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن شروع کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے داعش کی موجودگی کی اطلاع پر لال مسجد عناصر کے خلاف خفیہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن انٹیلی جنس اداروں کی اطلاعات کے بعد شروع کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ عناصر پاکستان میں داعش اور دیگر کالعدم جماعتوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ آپریشن میں شامل سینیئر افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے پنجاب میں دو ماہ کے دوران مختلف آپریشن کے ذریعے لال مسجد عناصر کے کئی شدت پسندوں کو ہلاک، جبکہ 89 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، غازی فورس کے 278 کارکنوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک سینیئر افسر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ عناصر ملکی سلامتی کے لئے شدید خطرات کا باعث ہیں، کیونکہ وہ پنجاب میں داعش کو پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سفارشات پر نئے طرز کا کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، جو خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے جو وزارت داخلہ کو موصول ہوئی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ لال مسجد عناصر نے عسکری گروہوں سے تعلقات قائم کر لئے ہیں اور وہ غازی فورس کے عسکری گروہ کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔ انسداد دہشتگردی فورس کے نمائندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دو ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 35 مشتبہ دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے اکثریت کا تعلق یا تو لال مسجد سے تھا یا پھر غازی فورس سے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک 226 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے اور 1200 کے قریب دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان کے مطابق غازی فورس کے 278 ارکان کی خفیہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ غازی فورس ایک کالعدم جماعت ہے جو 2007ء میں لال مسجد آپریشن کے بعد بنائی گئی تھی۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button