Uncategorized

اہلسنت جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس، کالعدم جماعتوں کی فعالیت پر اظہار تشویش

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )  تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام جامع رسولیہ شرازیہ بلال گنج لاہور میں زیرصدارت صدر محاذ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی اہلسنت جماعتوں اور تنظیموں کی کشمیر، سانحہ مسجد نبوی اور دہشتگردی کے حوالے سے اے پی سی منعقد ہوئی۔ جس میں رمضان المبارک میں ہونیوالی دہشتگردی اور حالیہ ایام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی نہتے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت اور دہشتگردی کی پرزور مذمت کی گئی۔ اے پی سی میں ترک فوج کی بغاوت کو ترک عوام کے ناکام بنانے پر ترکی کے صدر طیب اردوان اور ترک عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اے پی سی میں طے پایا کہ یکم اگست بروز پیر کو الحمراء ہال لاہور میں قومی یکجہتی کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے اہلسنت جماعتوں کے مذہبی اور سیاسی قائدین، خانقاہوں کے سجادہ نشین اور مدارس کے ناظمین کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شرکت کریں گے۔ قومی کانفرنس میں تحفظ حرمین، تحفظ آثار وشعائر اسلام، امت مسلمہ کے اتحاد، داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے حوالے سے اہلسنت کا متفقہ موقف پیش کیا جائے گا۔

اے پی سی میں ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے دوبارہ فعال ہو کر بدامنی پھیلانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس طرح ملکی اداروں اور ایجنسیوں کی طرف سے اہلسنت کو نظرانداز کرنے اور اہلسنت کے مسائل حل نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ادارے اپنی سمت درست کریں۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری تحفظ ناموس رسالت محاذ مولانا محمد علی نقشبندی، سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری، پاکستان سنی تحریک کے علامہ مجاہد عبدالرسول قادری، جے یوپی کے مولانا نصیر احمد نورانی، انجمن اشاعت اسلام کے پیر بشیر احمد یوسفی، محافظان ختم نبوت کے علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی، مولانا نعیم جاوید نوری، مولانا لیاقت علی صدیقی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مولانا سیف اللہ باروی، مولانا شفیق اللہ سیالوی، یاسین مسعودی، مولانا فاروق ضیائی، تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاء الحق نقشبندی اور دیگر نے شرکت کی۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button