کراچی: حساس ادارے کی گاڑی پر ملک دشمن ملک دشمن کا حملہ، اہلکار شہید
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی کے علاقہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب حساس ادارے کی گاڑی پر ملک دشمن تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ جس سے گاڑی میں موجود 1 اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر کی گئی جس کا رجسٹریشن نمبر 0731821 ہے۔ واقعہ کے بعد ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی اہلکاروں میں سے ایک اہلکار عبدالرزاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ آس پاس کوئی موجود نہیں۔ دہشت گردانہ کارروائی کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ٹریفک کو دوسری طرف موڑ کر علاقہ کو بند کردیا گیا ہے۔ واقعہ کے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ جائے وقوع پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکار خادم کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور اس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق دونوں اہلکاروں کو سر میں گولی لگی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی نشانہ بننے والے دونوں اہلکار سیکیورٹی ادارے کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔