امید ہے کہ نو منتخب وزیراعلٰی کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کا قیام ممکن بنائیں گے، میثم عابدی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید میثم عابدی نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کے 27 ویں وزیراعلٰی منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نو منتخب وزیراعلٰی کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گرد و تکفیری عناصر کے خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن کا آغاز کریں گے۔
زرائع کے مطابق نو منتخب وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کو مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل میثم عابدی نے کہا کہ امید ہے کہ مراد علی شاہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشت گرد تنظیموں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کئے بغیر کراچی سمیت صوبے بھر میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا، لہٰذا تکفیری دہشت گرد عناصر اور کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کراچی سمیت صوبے بھر میں آپریشن کیا جائے، امید ہے کہ نومنتخب وزیراعلٰی مراد علی شاہ اس حوالے سے اپنی اہم ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔
سیکرٹری جنرل کراچی ڈویژن میثم عابدی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں فرقہ واریت اور نفرتوں کے بیج بونے میں مصروف تکفیری دہشت گرد عناصر سے واقف ہے، امید ہے کہ نومنتخب وزیراعلٰی وطن عزیز کے استحکام، سالمیت اور بقاء کیلئے تکفیری دہشت گرد عناصر کے خاتمے کو اولین ترجیح دیں گے۔