آئی ایس او کا سالانہ 3 روزہ مرکزی کنونشن 2 ستمبر سے لاہور میں شروع ہو گا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اجلاس مرکزی صدر علی مہدی کی سربراہی میں لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سالانہ مرکزی کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
زرائع کے مطابق چیئرمین کنونشن احسن نقوی نے مرکزی صدر کو کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ احسن نقوی کا کہنا تھا کہ 3 روزہ کنونشن کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امسال بھی کنونشن تنظیم کے بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد علی رضا آباد لاہور میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر مرکزی صدر نے کنونشن کے حوالے سے تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ 2 ستمبر سے آئی ایس او کا 45واں نوید سحر کنونشن پوری آب و تاب سے شروع ہوگا۔ کنونشن کے اہم پروگرامات میں نوجوان امید ملت سیمینار، نوید سحر کانفرنس ہوگی، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شب شہداء بھی منائی جائے گی جبکہ 4 ستمبر کو مرکزی مجلس عمومی کے اراکین نئے مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لائیں گے۔ اجلاس میں مرکزی کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔