آخری تکفیری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے، راغب نعیمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) غلامی سے آزادی کا تصور سب سے پہلے اسلام نے دیا، حکمران قیام پاکستان کے وقت کئے وعدے کو نظام مصطفی کے عملی نفاذ کی صورت میں پورا کریں، آپریشن ضرب عضب کو آخری تکفیری دہشتگرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائے، نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے تاکہ پاکستان کو امن وسلامتی کا گہوارہ بنانے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے یوم آزادی کی مناسبت سے جامعہ نعیمیہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔راغب نعیمی نے مزید کہاکہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے، ہمیں محنت، دیانتداری اور امانت کو شعار بنا کر ملک کو اقوام عالم میں باوقار مقام دلانے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہم سب سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ قیام پاکستان اور پاک سرزمین کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی عظیم قربانی دینے والے شہداء کے مقدس خون سے وفا کا عہد کریں اور قومی یکجہتی و ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے، قومی یکجہتی کے جذبے کیساتھ پوری قوم کو اس ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے کام کرنا چاہئے، پاکستان میں دہشتگردی، لسانی و علاقائی عصبیت اور قتل وغارت گری وہی قوتیں کر رہی ہیں جو اسلام اور وطن کی دشمن ہیں، تمام طبقات کو اتحاد واتقاق کی قوت سے دشمن عناصر کے عزائم کوناکام بنانا ہوگا۔