آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو لاہور میں ہوگا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 47ویں مرکزی صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر سالانہ کنونشن کے موقع پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس او پاکستان کا سالانہ کنونشن 3 روز تک جاری رہے گا، کنونشن کے آخری روز نئے میرکاررواں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ روایت اور تنظیم کے دستور کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے آئی ایس او ہر سال مرکزی کنونشن منعقد کرتی ہے جس میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلباء شریک ہوتے ہیں۔ مرکزی صدر کا انتخاب مرکزی مجلس عمومی کے اراکین کرتے ہیں، مجلس عمومی کے اراکین ہر سہ ماہی پر ڈویژنل سطح پر اجلاس منعقد کرتے ہیں، جس میں 3 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دی جاتی ہے۔ مجلس عمومی کا سال میں آخری اجلاس آئی ایس او پاکستان کے مرکز لاہور میں ہوتا ہے، جس میں اکثریت رائے سے ایک سال کیلئے مرکزی صدر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔