نوکری کو وقت کم دینے والے ملازم کی تنخواہ حرام میں شمار ہوگی، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ تنخواہ لینے والے ملازمین اپنے فرائض میں غفلت برتیں اور کام کو پورا وقت نہ دیں تو اس کے بدلے میں لیا جانیوالا معاوضہ حرام ہے، جس کا کھانا اور اپنے خاندان کو کھلایا درست نہیں۔
زرائع کے مطابق علی مسجد جامعۃ المنتظر لاہور میں انسانی اعضا کے حقوق کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا کہ احادیث مبارکہ کے مطابق پیٹ کا حق یہ ہے کہ اسے حرام اشیا کا برتن بنائیں اور نہ ہی بھوک سے زیادہ کھائیں، رسول اکرم نے فرمایا کہ کم کھایا کرو، یہ بیماریوں کا علاج ہے، اسی بنیاد پر روزہ رکھنے کو موجب صحت قرار دیا گیا اور ہر سال ایک ماہ کے روزے فرض کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی صحت کے لئے مضر اشیا کا کھانا حرا م ہے، اسی طرح بسیار خوری انسان کو نقصان دیتی ہو تو زیادہ کھانا بھی حرام ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے رزق حلال کمانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی محنت کا معاوضہ لیتا ہے اور وقت کم دیتا ہے، اس کی تنخواہ جائز نہیں، اسے حرام میں شمار کیا جائے گا، یہ عام چپڑاسی سے لے صدر مملکت تک تمام عہدیداروں کیلئے ہے۔