مجلس وحدت مسلمین سندھ کی صوبائی شوریٰ اور پولیٹیکل کونسل کا اجلاس،انتخابات 2018کی تیاریوں کی ہدایت
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی شوریٰ کا سہہ ماہی دوروزہ اجلاس مرکز تحقیقات وتبلیغات اسلامی جامشورو میں صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اراکین صوبائی کابینہ سمیت تمام اضلاع کے سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی سیکریٹری جنرلز صاحبان نے شرکت کی ۔
زرائع کے مطابق اجلاس کےدوسرے روز صوبائی پولیٹیکل کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں خصوصی شرکت مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کی، پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے صوبائی سیکریٹری امور سیاسیات علی حسین نقوی اور مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اسد عباس نقوی نے خطاب کیا، جبکہ پولیٹیکل کونسل کے خصوصی اراکین عبداللہ مطہری،سید کاظم شاہ اور ثمر زیدی بھی موجود تھے۔مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ نے ہمیشہ سیاسی میدان میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے، جو کہ قابل ستائش ہے، امید ہے کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ آئندہ انتخابات 2018میں بھی اپنا اہم رول پلے کرے گی اور انشاءاللہ مجلس وحدت مسلمین آئندہ انتخابات میں ٹارگٹڈ حلقوں میں عوامی خدمت کے بل بوتے پر اپنے اہل امیدوار انتخابی میدان میں اتارے گی۔
اطلاعات کے مطابق اجلاس میں جماعت کی گذشتہ تین ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ آئندہ تین ماہ کے پروگرامات کا اعلان بھی کیا گیا ، بعد ازاں علامہ مقصو دڈومکی نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ناموں کااعلان کیا اور صوبائی شوریٰ سے ان کے ناموں کی منظوری لی، جن میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دوست علی سعیدی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل یعقوب حسینی ،سیکریٹری امور تنظیم سازی آغا منور جعفری، سیکریٹری تحفظ عزاداری سید علی اکبر شاہ ،سیکریٹری امورسیاسیات علی حسین نقوی، سیکریٹری تبلیغات مولانا محمد نقی حیدری، سیکریٹری امور تعلیم آفتاب میرانی، سیکریٹری اطلاعات آصف صفوی، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مختار دایو، سیکریٹری فلاح وبہبودالفت عالم کربلائی، سیکریٹری نشرواشاعت آغا ندیم جعفری ،سیکریٹری مالیات ظہیرحیدرزیدی، سیکریٹری شماریات طارق حسین بدوی اور سیکریٹری وحدت یوتھ فدا حسین سولنگی شامل ہیں ۔