2 ستمبر کو غاصب اور کرپٹ حکمرانوں کے ایوان ہل جائیں گے، علامہ اعجاز بہشتی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے کہا ہے کہ، جس حیات طیبہ کی طرف اللہ نے دعوت دی ہے وہ زندگی نظام امامت ہے، اگر دل میں ولایت آل محمد (ص) ہے تو وہ حیات اور زندگی ہے ورنہ مردگی ہے۔ جس زندگی میں ولایت امام زماں علیہ السلام نہ ہو وہ مردہ ہے اور زندگی کا تصور امام حسین علیہ السلام نے بیان فرمایا، ظالم کے ساتھ زندگی ننگ ہے اور عزت کی موت سعادت ہے۔ دو ستمبر کو ظالم کے خلاف آواز احتجاج بلند کرنا ہے، تاکہ حیات طیبہ اور حقیقی زندگی نصیب ہو، قائد وحدت کی قربانی کو علی علیہ السلام کے چاہنے والے یاد رکھیں گے، محبوب قائد نے بھوک ہڑتال کر کے اس قوم پر احسان کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 ستمبر پنجاب اسمبلی دھرنے کے سلسلے میں جامع فاطمیہ عزیز پلی میں خطاب کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا ظالم حکمران اب بھی ہوش کے ناخن لیں اور ظلم و زیادتی کے سلسلے کو بند کریں اور ہمارے جائز مطالبات کو فوری تسلیم کریں، انشاءاللہ 2 ستمبر کو پنجاب بھر سے محب وطن شہری شرکت کریں گے اور مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔