حکومت نے نہتے عوام کو تکفیری دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، تسنیم احمد قریشی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سابق وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم احمد قریشی نے مردان ضلع کچہری میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کچہری میں خودکش حملہ دہشتگردی کی بدترین واردات ہے۔
زرائع کے مطابق سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سرگودہا کے رہنما ء تسنیم احمد قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں ناکام ہو چکی ہے اور نہتے عوام کوتکفیری دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توانائیاں صرف سیاسی مخالفین کو کچلنے پر صرف ہو رہی ہیں۔تسنیم قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نئے پاکستان اور تبدیلی کے نعرے تو بہت لگائے تو کیا یہ ہے انکا نیا پاکستان اور یہ ہے ان کی لائی گئی تبدیلی کہ دہشتگردوں کی جانب سے کاروائیاں ختم ہونے کا نام ہی نھیں لے رہی ہیں ؟
تسنیم قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت باالخصوص خیبرپختونخواہ کی حکومت کو سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور سے سبق حاصل کرنا چاہئے تھا لیکن افسوس حکمرانوں پر کہ ان کو لاشوں کے سوا اور کچھ نھیں چاہئے کہ جس پر وہ اپنی سیاست چمکا سکیں۔